سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی یا نیم صدارتی نظام لانے کی کوشش ہورہی ہے، سندھ کے حقوق پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیں گے۔
حیدر آباد میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسائل کا حل آئین کی حکمرانی میں ہے، آج صوبوں کے حقوق چھیننےکی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق نہیں چھیننے دیں گے، یہ جنگ پی ڈیم ایم کو لڑنی ہے، اپوزیشن جس مقصد کے لیے میدان میں اترا ہے وہ ضرور پورا ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں پاکستان کی نمائندہ جماعتیں ہیں، اپوزیشن اتحاد کا موقف ہے کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، کیا آج پورا پاکستان مہنگائی سے پریشان نہیں ہے؟
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ آج پارلیمان کو مفلوج کردیا گیا ہے، اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو ملنے والے حقوق چھیننے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صدارتی یا نیم صدارتی نظام لانے کی کوشش ہورہی ہے، 26 مارچ کوآپ کونکلنا ہوگا، چند دنوں کی تکلیف ہے، آپ کو بہتر پاکستان ملے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس جلسے سے ن لیگ کی طرف سے مریم نواز نے خطاب کرنا تھا، اُن کی صاحبزادی کو چوٹ لگی ہے اس لیے وہ آج نہیں آسکیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بجلی اورگیس مہنگی ہے، جواب دینے والا کون ہے؟ مسائل حل کرنے کا دعویٰ کرنے والے آج چھپتے پھر رہےہیں، پیٹرول مہنگا کرنے پر پیسے کس کی جیب میں جارہے ہیں۔
Comments are closed.