بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک میں بجلی گیس لوڈشیڈنگ، کراچی گیس سے محروم، شہبازشریف

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا بجلی و گیس کی قلت کے حوالے سے کہنا ہے کہ ملک میں بجلی اور  گیس کی لوڈشیڈنگ ہے، کراچی گیس سے محروم ہے، اگر پلانٹس بند ہوں گے تو برآمدکنندگان کیسے اہداف پورے کریں گے؟ توانائی کے شعبے میں حکومتی نااہلی اور کرپشن شرمناک ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ توانائی اور ایل این جی کے شعبے میں نااہلی اور کرپشن مثالی ہے، حکومت کی نااہلی اورکرپشن سےتوانائی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو 4 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو سے کم قیمت پرگیس کی پیشکش ہوئی، حکومت نے اس کم قیمت پر گیس خریدنے سے انکار کردیا، سردیوں میں دُگنی قیمت پر وہی گیس خریدی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک کو خام تیل اور گیس پر 20 فیصد زیادہ ادائیگیاں کرنا پڑیں، ن لیگ نے گیس خریداری کے 80 فیصد سستے معاہدے کئے، حکومت نے مہنگے فرنیس آئل اور مہنگے ڈیزل پر بجلی کے پلانٹس چلائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس وجہ سےگردشی قرضے میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، حکومت نے جھوٹ کہا کہ طویل المدتی معاہدوں کا ن لیگ کا فیصلہ غلط تھا، حکومت کا دعویٰ تھا گیس کی قلت صرف سردیوں کے 6 ہفتے کے لئے ہے، گرمیوں میں ملک میں گیس کی قلت زیادہ ہوگئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ نے 2 ایل این جی ٹرمینل لگائے، دونوں پوری استعداد کے ساتھ چل رہے ہیں، اگر اس پر پاور پلانٹس چلائے جاتے تو ملک میں بجلی اور گیس کی آج قلت نہیں ہوتی، ہم نے مزید ایل این جی ٹرمینلز لگانے کے لئے 5 سرمایہ کاروں کو تیار کیا تھا، حکومت کی کرپشن نے پاور کمپنی اور سرمایہ کاری کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 3 سال کے بعد بھی حکومت ایک نیا ٹرمینل لگانے میں بھی ناکام ہے، ہم نے روس کےساتھ پائپ لائن بچھانےکامعاہدہ کیا، جو اب کھٹائی میں ہے، آج بھی اس پائپ لائن سے 14 کارگو ایک ماہ میں منگوائے جاسکتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.