ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، مختلف علاقوں میں مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں ملکی سلامتی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔
کراچی میں 4 ہزار 242 مقامات پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
شہر میں عید الفطر کے اجتماعات کی سیکیورٹی پر 9 ہزار 825 پولیس اہلکار و افسران کو تعینات کیا گیا۔
کراچی میں پولو گراؤنڈ میں نمازِ عید ادا کردی گئی جہاں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے نماز پڑھی۔
پولو گراؤنڈ میں نمازِ عید مولانا محمد احمد سلیمی نے پڑھائی۔
راولپنڈی میں بھی مساجد میں نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے، عید الفطر کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا جہاں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی نماز پڑھی۔
اس موقع پر علمائے کرام نے خطبات میں امن و سلامتی کا درس دیا اور نماز عید کے بعد ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس کے علاوہ لاہور میں ساڑھے 4 ہزار چھوٹے بڑے مقامات پر نمازِ عید ادا کی گئی، سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔
نمازِ عید کے لیے شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، شہریوں نے ملکی سلامتی، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مصیبتوں میں گھرے مسلمانوں کے لیے دعائیں کیں۔
لاہور میں مینارِ پاکستان میں نمازِ عید علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے پڑھائی، اس کے علاوہ بھی مزید سیکڑوں مقامات پر شہریوں نے نمازِ عید ادا کی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں نے مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کی، عید گاہ چارسدہ روڈ میں عید کی نماز چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی نے پڑھائی۔
گورنر غلام علی اور نگران وزیراعلیٰ اعظم خان نے نمازِ عید گورنر ہاؤس میں ادا کی۔
Comments are closed.