بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات

پاکستان بھر میں مسلمان آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔

کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر حکومت کی لوگوں کو ماسک پہن کر مسجد آنے اور سماجی فاصلہ رکھ کر نماز ادا کرنے کی ہدایات پر عمل نہ ہونے کے برابر ہے۔

اجتماعات میں بچے اور معمر افراد بھی آئے، لوگ گلے مل کر مبارک باد دیتے رہے۔

مختلف شہروں میں نماز عید کے اجتماعات کی صورتحال

لاہور:

لاہور کے بحریہ ٹاون کی گرینڈ جامع مسجد میں نمازِ عید کی ادائیگی کی گئی، جہاں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے نمازِ عید پڑھائی۔

منصورہ میں بھی نماز عید الاضحیٰ کا اجتماع ہوا جبکہ بارش کے باعث مینارِ پاکستان اور قذافی اسٹیڈیم میں نمازِ عید کی ادائیگی منسوخ کردی گئی۔

دوسری جانب صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے بھی لاہور میں نمازِ عید ادا کی۔

کوئٹہ:

کوئٹہ شہر اور گردونواح میں 400 سے زائد مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات کیے گئے جبکہ نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ طوغی روڈ پر ہوا۔

کوئٹہ میں عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ عید کے اجتماعات میں عوام کی جانب سے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی گئی۔

پشاور:

پشاور کی مختلف مساجد میں عیدالاضحٰی کے موقع پر نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے، نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ چارسدہ روڈ پر ہوا۔

عید کی نماز کے بعد ملکی ترقی و سلامتی کے لیے د عائیں مانگی گئیں جبکہ نماز کی ادائیگی کے بعد شہری سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور ذبح کر رہے ہیں۔ 

دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے نمازِ عید آبائی علاقے لنڈی کوتل میں ادا کی۔

اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نمازِ عید کا بڑا اجتماع ہوا جہاں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور  سینیٹر فیصل جاوید نے نمازِ عید ادا کی۔

منڈی بہاءالدین:

منڈی بہاالدین ضلع بھر میں عید گاہ، امام بارگاہ اور مساجد سمیت 1030 مقامات پر نمازِ عید ادا کی گئی۔

ڈی پی او منڈی بہاءالدین کے مطابق نمازِ عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.