ملک بھر میں آٹے کا بحران کیوں پیدا ہوا؟ جیو نیوز نے پتا لگا لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کا وسیع اسٹاک ہونے کے باوجود آٹا بحران پیدا ہوا، ملک میں گندم کا 44 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک موجود ہے۔
ذرائع نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ گندم کا موجود اسٹاک اپریل کے آخر تک کیلئے کافی ہے، 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم موجود اسٹاک کے علاوہ موجود ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے پاس 106دن کا 22 لاکھ 5 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک ہے، سندھ کے پاس 98 دن کی 8 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے، کے پی کے پاس 152 دن کی 6 لاکھ 46 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کی جانب سے ملوں کو وعدوں کے باوجود کم گندم جاری کی جا رہی ہے، سرکاری گندم کم جاری ہونے سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ یومیہ 10 ہزار کی بجائے 8 ہزار میٹرک ٹن گندم ملوں کو دے رہا ہے، پنجاب سرکاری گندم 25 ہزار کی بجائے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کرتا رہا، بلوچستان 1 ہزار کی بجائے 350 میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی سرکاری گندم 6 ہزار کی بجائے 4500 میٹرک ٹن یومیہ گندم جاری کر رہا ہے، سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار من مقرر ہونے سے ذخیرہ اندوزی بڑھ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے پاسکو کے پاس موجود اپنے کوٹے کی گندم اٹھانے سے گریزاں ہیں، بلوچستان بھی پاسکو کی گندم مہنگی قرار دے کر اٹھانے سے گریزاں ہے۔
Comments are closed.