ملکہ الزبتھ دوم نے برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کی، اس دوران انہوں نے پاکستان کا بھی دورہ کیا جہاں کئی نامور شخصیات سے ان کی ملاقات ہوئی۔
ملکہ برطانیہ پہلی بار1961ء میں اپنے شوہر، ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں۔
انہوں نے پاکستان میں کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور اور ملک کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
پھر دوسری بار ملکہ نے1997ء میں 36 سال بعد پاکستان کے 50 ویں جشنِ آزادی کے موقع پر بھی ملک کا دورہ کیا اور اس وقت بھی ان کے شوہر شہزادہ فلپ ان کے ہمراہ موجود تھے۔
یہاں پاکستان کی ان معروف شخصیات کی فہرست ہے جنہوں نے ملکہ الزبتھ دوم سے ان کی زندگی میں ملاقات کی۔
1- عمران خان
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ملک کے سابق وزیراعظم عمران خان نے اگست 1974ء میں ملکہ سے ملاقات کی تھی، عمران خان کا ملکہ سے ان کے کپتان انتخاب عالم نے تعارف کروایا تھا۔
2- نواز شریف
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 1997ء میں اپنے دورِ اقتدار میں ملکہ سے اس وقت ملاقات کی جب وہ دوسری بار پاکستان آئیں۔
3- محترمہ بے نظیر بھٹو
1997ء میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دورِ اقتدار میں ملکہ نے اپنے دورۂ پاکستان پر قومی اسمبلی میں محترمہ بے نظیر بھٹو سے بھی ملاقات کی تھی۔
4- ملالہ یوسف زئی
ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ نے 2013ء میں پاکستان کی نوجوان کارکن ملالہ یوسفزئی کو بکنگھم پیلس میں ایک استقبالیہ میں مدعو کیا، جہاں انہوں نے مختصر وقت کے لیے ملالہ سے گفتگو بھی کی۔
5- سرفراز احمد
آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے آغاز سے پہلے، تمام کرکٹ ٹیمز کے کپتانوں نے ملکہ سے ملاقات کی تھی۔ اس وقت پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی بکنگھم پیلس میں ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم گزشتہ روز 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
Comments are closed.