مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 5 اگست کو ریاست میں مکمل ہڑتال، سول کرفیو اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی۔
حریت کانفرنس نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی 5 اگست کو احتجاجی ریلیاں نکالنے کی اپیل کی ہے۔
کشمیری 5 اگست کو یوم سیاہ اور یوم استحصال کے طور پر منائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور اس کی خصوصی حیثیت ختم کرنا نہ صرف کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
تین سال کے مسلسل بھارتی محاصرے اور ریاستی دہشت گردی نے مقبوضہ کشمیر میں تباہی مچا دی ہے اور فسطائی مودی حکومت نے پوری وادی کشمیر کو عقوبت خانے میں تبدیل کر دیا ہے۔
حریت کانفرنس نے مزید کہا کہ غلامی ایک لعنت ہے اور کشمیری ہندوتوا کی غلامی پر شہادت کو ترجیح دیں گے، بھارتی تسلط کو مسترد کرتے ہیں، تحریک مزاحمت مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو بھارتی آئین کی دفعات 370 اور A۔35 منسوخ کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔
Comments are closed.