کراچی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی مارکیٹ میں مخالفین سے تکرار، نوک جھونک اور تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل ہوگئی، مفتاح نے وضاحتی بیان میں کہا کہ مجھے گالی نہیں دینا چاہئے تھی، یہ میری غلطی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مفتاح اسماعیل اپنی جماعت کے قائد نواز شریف کو ایک شخص کی جانب سے چور کہنے پر مشتعل ہوگئے اور ان کی زبان سے غیر پارلیمانی الفاظ بھی نکلے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے متعلق مفتاح اسماعیل نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ویڈیو ایک ماہ پرانی ہے، میں ایک مارکیٹ میں گیا تھا، وہاں کسی اور سیاسی پارٹی کے ورکر چلا رہے تھے۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ وہ نواز شریف کو چور کہہ رہے تھے، میں نے کہا نواز شریف کو چور مت کہیں، جب دوسری مرتبہ انہوں نے نواز شریف کو چور کہا تو میں نے کہا آپ خود چور ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ بہرحال اس موقع پر مجھے گالی نہیں دینا چاہئے تھی، یہ میری غلطی تھی۔
واضح رہے کہ این اے 249 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں اے این پی نے آج مسلم لیگ کے رہنما و امیدوار مفتاح اسماعیل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اے این پی نے این اے 249 سے اورنگزیب بونیری کو کھڑا کیا تھا، تاہم مفتاح اسماعیل کے حق میں عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے امیدوار کو دستبردار کرا دیا۔
مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار ہونے والے حاجی اورنگزیب خان بونیری نے کہا کہ پارٹی فیصلوں کے پابند ہیں، امید ہے مسلم لیگ نون ضمنی انتخاب میں کامیاب ہو گی۔
Comments are closed.