بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

معروف کوہ پیما علی رضا سدپارہ پہاڑ سے گر کر شدید زخمی

پاکستان کے معروف کوہ پیما علی رضا سدپارہ معمول کی تربیتی مشق کے دوران پہاڑ سے گر کر شدید زخمی ہوگئے، الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ گئیں۔

55 سالہ علی رضا سدپارہ کا شمار پاکستان کے معروف کوہ پیماؤں میں ہوتا ہے وہ ملک میں موجود 8 ہزار سے بلند پانچ چوٹیوں میں سے 4  کو متعدد بار سر کرنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے نانگا پربت، گیشربرم ون، براڈ پیک اور گیشربرم ٹو کو مجموعی طور پر ریکارڈ 17 مرتبہ سر کیا ہے۔

علی رضا سدپارہ اس سال کے ٹو سمٹ کا ارادہ رکھتے تھے اور اس کی تیاریوں کے لیے ہی منگل کی صبح گلگت کے پہاڑوں میں پریکٹس کررہے تھے کہ پیر پھسلنے کی وجہ سے کھائی میں جاگرے۔

انہیں ریسیکیو کر کے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی اور پسلیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.