امریکی صدر جو بائیڈن جوکہ پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر جانے کے لیے مشہور ہیں گزشتہ روز ایک بار پھر سے پریس کانفرنس کو درمیان میں چھوڑ کر چلے گئے۔
سوشل میڈیا پر جو بائیڈن کی سلیکون ویلی بینک کولیپس کے بارے میں دی گئی پریس بریفنگ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب پریس بریفنگ میں جو بائیڈن نے’ایک لچکدار بینکنگ سسٹم کو برقرار رکھنے اور امریکا کی تاریخی معاشی بحالی کی حفاظت‘ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تو وہاں موجود ایک صحافی نے سوال کیا کہ’صدر صاحب، کیا آپ جانتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا؟ اور کیا آپ امریکی عوام کو اس بات کی یقین دہانی کرواتے ہیں کہ جو کچھ ہوا اس کا شہریوں کی مالی حالت پر کوئی گہرا اثر نہیں پڑے گا؟‘
جوبائیڈن نے صحافی کے ان سوالات کو نظر انداز کردیا اور پریس بریفنگ کو درمیان میں چھوڑ کر چلے گئے۔
وائٹ ہاؤس کے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی جو بائیڈن کی پریس بریفنگ کی ویڈیو کو چالیس لاکھ سے زائد ویوز مل چکے ہیں لیکن اس ویڈیو کے کمنٹ سیکشن کو صارفین کے لیے محدود کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹوئٹر پر صارفین کا شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ امریکی صدر نے صحافیوں سے بھرا ہوا کمرہ ان کے سوالات کے جوابات دیے بغیر ہی چھوڑا ہو۔
اس سے قبل صدر جو بائیڈن نے چین کے ’اسپائے بلون‘ کے واقعے پر بیان دینے کے بعد بھی ایک صحافی کے سوالات کو نظر انداز کرنے کے لیے پریس کانفرنس کو ادھورا چھوڑا تھا۔
Comments are closed.