
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، اس دوران اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی مینڈیٹ والی حکومت کو اس کے گھمنڈ کی وجہ سے شکست ہوئی۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ بطور خادم پاکستان میری پارلیمانی پارٹی سے پہلی ملاقات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اتحادی حکومت ہیں، اتحادیوں کے تعاون سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کو ورثے میں انتظامی و معاشی مسائل ملے، ماضی کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی زندگی میں ہار ماننا نہیں سیکھا، آپ کسی بھی وقت مجھ سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ قرضے، سیاست بچانے کے لیے غلط فیصلوں کے خطرناک معاشی مسائل ملے، مصنوعی مینڈیٹ والی گورنمنٹ کو ان کے گھمنڈ، غرور کی وجہ سے شکست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات، پراپیگنڈے سے انتشار پھلانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوششوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز کوششوں پر آئین، قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی، ہر پاکستانی کا فرض ہے پاکستان اور اس کے اداروں کا اس فتنے کے خلاف دفاع کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کو عوام کا درد ہوتا تو آٹے، چینی، اشیاءِ ضروریہ پر کمیشن کھانے کی بجائے عوام کو ریلیف دیتی اور ان کی قیمتیں کم کرتی۔
Comments are closed.