پیر 24؍ شوال المکرم 1444ھ 15؍مئی 2023ء

مشکل حالات کے باوجود وزارتِ سرمایہ کاری بہتر کام کررہی ہے، مشیر بورڈ آف انوسٹمنٹ

بورڈ آف انوسٹمنٹ کے مشیر سید فیروز عالم شاہ نے کہا ہے کہ وزارتِ سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین کی قیادت میں بہتر خدمات انجام دے رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید فیروز شاہ نے کہا کہ جنوبی کوریا اور جاپان سے کئی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، عنقریب جلد دونوں ممالک سے وفود پاکستان پہنچیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

فیروز شاہ نے بتایا کہ ون ونڈو آپریشن سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں طویل کاغذی اور سرکاری اداروں میں بھاگ دوڑ سے بچایا جاسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سیاسی استحکام اور مستحکم معاشی پالیسیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات مشکل ضرور ہیں لیکن وہ پُرامید ہیں کہ پاکستان میں جو شرح منافع موجود ہے اس میں مستقبل قریب میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.