وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست نظریات پر تو ہے ہی نہیں، انہوں نے سیاست میں چھانگا مانگا کلچر کو متعارف کرایا، نون لیگ کے رہنماؤں سے 25 ارب روپے کی زمین اب تک واگزار کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیرِ احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاست میں لوگ نظریات پر آیا کرتے تھے، 1980ء کے انتخابات کے بعد ایک نئے گروہ نے سیاست میں انٹری ڈالی، ان لوگوں نے نظریاتی سیاست کو پیچھے دھکیلا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں خرید و فروخت کا سلسلہ نواز شریف نے شروع کیا، ان سے آج بھی پوچھ لیں کہ ان کا نظریہ کیا ہے تو وہ نہیں بتا سکتے، ان کا نظریہ پیسہ ہے جو چھانگا مانگا میں سامنے آیا، سیاست میں خرید و فروخت کا سلسلہ نون لیگ سے شروع ہوا، یہی مافیا ہے جس نے سیاست میں پیسے کا استعمال کیا۔
شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ان کی صاحب زادی ایسے ہی سیاسی مافیا کے گھر پر کھڑی ہو کے ریاست کو للکار رہی تھیں، اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ان سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، یہ رونا دھونا اپنی پروٹیکشن کے لیے کر رہے ہیں، صرف پنجاب میں 210 ارب روپے سے زائد کی ریکوری ہوئی ہے۔
Comments are closed.