بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مسجد الحرام میں ڈیڑھ برس بعد ’سماجی فاصلے‘ کے بغیر نماز کی ادائیگی

سعودی عرب: مسجد الحرام میں ڈیڑھ برس بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز کی ادائیگی

خانہ کعبہ، مسجد الحرام

،تصویر کا ذریعہTWITTER/@ReasahAlharmain

سعودی عرب کے شہر مکہ میں اتوار کے روز مسجد الحرام میں کووڈ 19 کے سلسلے میں عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی اور سماجی فاصلے کے اصول کو ختم کیا گیا جس کے بعد مسلمانوں نے یہاں قریب ڈیڑھ سال بعد کندھے سے کندھا ملا کر نماز ادا کی۔

مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کے گرد سماجی فاصلے کے لیے نشانات و علامات لگائے گئے تھے جنھیں اب ہٹا دیا گیا ہے۔ تاہم اس وقت خانہ کعبہ کی حدود میں سکیورٹی گارڈز مامور ہیں اور یہاں تک جانے کی اجازت نہیں ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کی شائع کردہ ویڈیوز اور تصاویر میں مسجد کے اندر سماجی فاصلے کے خاتمے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ اتوار کو فجر کی نماز کے لیے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے تھے جو کہ کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر گذشتہ ڈیڑھ سال میں نہیں دیکھا گیا تھا۔

خانہ کعبہ، مسجد الحرام

،تصویر کا ذریعہTWITTER/@ReasahAlharmain

تاہم مسجد میں آنے والے تمام افراد کے لیے لازم ہے کہ انھوں نے ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کی ہوں۔ اس کے علاوہ نمازیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ چہروں پر ماسک پہنیں۔

زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وزارت حج اور عمرہ کی دو ایپس کے ذریعے عمرہ کرنے یا مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کے لیے باقاعدہ اندراج کروائیں۔

خانہ کعبہ، مسجد الحرام

،تصویر کا ذریعہTWITTER/@ReasahAlharmain

سعودی حکام نے کہا تھا کہ ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی اور ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد 17 اکتوبر کو ان پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔

حکام نے مزید کہا کہ مسجد الحرام کے علاوہ مدینہ کی مسجد نبوی میں بھی نرمیوں کے بعد پوری صلاحیت سے کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اب عوامی مقامات پر لوگوں کے لیے ماسک پہننا لازم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سعودی عرب

،تصویر کا ذریعہReuters

خیال رہے کہ سعودی عرب نے کووڈ کے پھیلاؤ کے پیش نظر مارچ 2020 کے دوران مسجد الحرام کو بند کر دیا تھا۔ مگر پھر کچھ ماہ بعد سے وہاں سماجی فاصلے کے ساتھ نماز ادا کرنے کی اجازت رہی۔ رواں سال جولائی کے دوران قریب 60 ہزار مقامی افراد کو حج کے لیے خانہ کعبہ آنے کی منظوری دی گئی تھی۔

کووڈ 19 کی عالمی وبا کے دوران حج و عمرے کی سرگرمیوں میں واضح کمی آئی ہے۔ سعودی عرب کے لیے یہ سالانہ قریب 12 ارب ڈالر آمدن کا ذریعہ ہوتا ہے۔

خانہ کعبہ، مسجد الحرام

،تصویر کا ذریعہTWITTER/@ReasahAlharmain

اس وقت سرکاری سطح پر سعودی عرب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ 47 ہزار ہے جبکہ اس سے 8760 اموات ہوئی ہیں۔

سعودی عرب نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ ایسے غیر ملکی عمرہ ادا کر سکیں گے جنھوں نے ویکسین حاصل کر لی ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.