وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ا یجنڈے میں موجود ہے، مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام نہ صرف ظلم بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر روزانہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اصرار کرتا ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، کشمیر اگر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے تو ہم کیوں باہمی مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ بھارت ڈپلومیٹک کور کو جموں وکشمیر جانے اور عوام سے آزادانہ ملنے کی اجازت دے، بھارت مسئلہ کشمیر کو دہشتگردی سے جوڑنے کا پروپیگنڈا کرتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں سوچنا ہے کہ کیا ہم جنوبی ایشیاء میں امن کے خواہاں ہیں، پاکستان اب بدل رہا ہے، ہم ایک نئی سیاسی جماعت، ایک نئی سوچ کے ساتھ ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں ہم جیو پولیٹیکل محل وقوع کی بات کرتے تھےاور آج ہم جیو پولیٹکل اکانومی کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ ہم خطے میں تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں تاہم اس میں رکاوٹ بھارت ہے۔
Comments are closed.