بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مریم نواز کی کل کی دھمکی شاید آصف علی زرداری کیطرف تھی، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات  سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی کل کی دھمکی شاید آصف علی زرداری کی طرف تھی، دھمکی میں زبانیں کھینچنا اور کاٹنے وغیرہ کا ذکر تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ  مریم نواز کا لب و لہجہ بڑا اہم ہے، منہ توڑ دیں گے اور تھپڑ ماریں گے جیسے الفاظ استعمال کیے گئے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز اپنی نیب پیشی کے لیے کارکنوں کو اشتعال دلا رہی تھیں، کرپشن کا جواب دینے کی بجائے ادارے پر لشکر کشی کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا گزشتہ روز کنونشن میں لب و لہجہ مایوس کن تھا، مریم نواز کا لب و لہجہ فراست سے عاری فرد کا لگ رہا تھا، مریم نواز پر متعدد مقدمات ہیں وہ نیب پر چڑھائی کی دھمکی دے رہی ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ یہ رویہ انتہائی خطرناک ہے،  مریم نواز پارٹی کارکنان اور دوسرے لوگوں کو تشدد کی ترغیب دے رہی ہیں، اس سب کی آڑ میں یہ مقدمات سے فرار چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان رینٹ کے ہجوم کے لیے موجود تھے، دینی رہنما ایک خاتون کے غیرقانونی و غیر اخلاقی اقدامات کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو جتھے لانے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں، جیلوں میں  بیٹھے لوگ بھی یہی سوچ رہے ہوں گے کہ جب پیشی ہو تو جتھے ساتھ لے کر جائیں،  یہ ان کے ہتھکنڈے ہیں جن کو یہ قانون سے بچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.