وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے استفسار کیا ہے کہ مریم نواز کس یوم حساب کی منتظر ہیں؟
مریم نواز کے بیان پر ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مکافات عمل نے اُن کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی کھوکھر برادران سے اظہار ہمدردی سے ثابت ہوگیا کہ یہ سارے چور ڈاکو ملے ہوئے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ظل سبحانی لندن میں بیٹھ کر قبضہ گروپ نیٹ ورک کو کنٹرول کرتے ہیں، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جعلی راجکماری کی آنکھیں تب کھلیں گی، جب عمران خان اگلے 5 سال کیلئے بھی منتخب ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھاکہ نواز شریف کے بیانیے پر ن لیگ خود ایک درجن سے زیادہ دھڑوں میں بٹ چکی اور پی ڈی ایم میں ہر کوئی بھانت بھانت کی بولیاں بول رہا ہے۔
فردوس اعوان نے یہ بھی کہاکہ مریم نواز کو یہ بولیاں سنائی نہ دیں تو الگ بات ہے، جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید ایک دفعہ پھر سچ کا بول بالا کرنےکو تیار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ظل سبحانی پر ایک ارب نہیں سیکڑوں ارب کی ہیرا پھیری کا الزام ہے، فاروق آدم کا بیان نواز شریف کو ریلیف نہیں دلوا سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو زرداری کے پاس ان ہاؤس تبدیلی کے لیےنمبر ہوں نہ ہوں، پی ڈی ایم کی کشتی ڈوب چکی، پی ڈی ایم میں اختلافات نہیں بلکہ نظریات کا ٹکراؤ ہے۔
Comments are closed.