بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مریم نواز کا NA75 میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ رہا ہوگا تو ہم ایک اور ایک گیارہ ہو جائیں گے، انہوں نے این اے 75 سیالکوٹ ون میں دوبارہ الیکشن کرانےکا مطالبہ بھی کیا۔

وزیر آباد روانگی سے قبل جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نون لیگ کی نائب صدرمریم نواز نے کہا کہ کون کون دھاندلی میں ملوث ہےوہ سب جانتی ہیں، یہ سچ بتادیں ورنہ حقائق سامنے لانے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن نہیں چاہیے، ہمیں پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن چاہیے، حکومت نے ڈسکہ میں منظم دھاندلی کی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ چھ چھ گھنٹے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ معطل رہی، ووٹرز کو پولنگ سست کرکے ووٹنگ کے عمل سے باہر رکھا گیا۔

ان کاکہنا تھا کہ سیالکوٹ میں پریزائیڈنگ افسران کے اغوا میں ملوث افراد کے نام ہمارے پاس آچکے ہیں، صرف ای سی پی کے ثبوت سامنے آنےکا انتظار ہے ، اگر حقیقت سامنے نہ لائی گئی تو وہ لے آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اور ایم این اے بھاگ رہے ہیں، بغاوت ہوچکی ہے، ضمنی الیکشن میں جو کچھ ہوا اسے پورا ایکسپوز کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق میرا اصولی موقف ہے، سینیٹ الیکشن سے متعلق قانون میں ترمیم جعلی حکومت نہیں پارلیمنٹ کرسکتی ہے، عمران خان کی حکومت کو ہر موڑ پر رسوائی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے نوشہرہ میں بھی مسلم لیگ نون کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیا ہے۔

حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کے لیے حمزہ نے قربانیاں دی، پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا۔

مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ جعلی حکومت کو بے نقاب کر رہا ہے، نواز شریف سے پیسے نکلوانے گئے لیکن لینے کے دینے پڑ گئے۔

انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو آٹا، چینی بجلی چوروں نے نقصان پہنچایا ہے، پاکستان کے عوام کے پیسے انہوں نے انتقام کی نذر کیے۔

مریم نواز نے کہا کہ دنیا کو معلوم ہے پرویز رشید کو سینیٹ سے کیوں باہر رکھا گیا، جو حق کا ساتھ دیتے، جھکنے سے انکار کرتے ہیں ان کے ساتھ ایسا سلوک ہوتا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ میں نے اپنے خلاف نیب نوٹسز کا سنا، پھر شاید وہ دھند میں غائب ہوگئے، میں نہیں ڈرتی پہلے بھی انہوں نے نا حق مجھے جیل میں رکھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.