مخصوص انجیکشن لگنے سے مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انجیکشن کی فروخت میں ملوث ایک ملزم بلال رشید گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بلال رشید کو عارف والا سے گرفتار کیا گیا ہے، مقدمے میں نامزد دوسرے ملزم نوید کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہےکہ پنجاب میں جعلی انجیکشن لگنے سے بینائی متاثر ہونے کے اب تک 68 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ غیر معیاری انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھ کے پردے متاثر ہوئے۔
انجیکشن پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی
پنجاب کے نگراں وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ بینائی متاثر کرنے والے انجیکشن پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی لگا دی ہے۔
نگران وزیر برائے پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ مذکورہ انجیکشن میں تین قسم کے جراثیم پائے گئے ہیں۔
دوسری جانب شوگر کے مریضوں کی بینائی بچانے کیلئے مخصوص انجیکشن لگانے کے معاملے پر ایوسٹن انجیکشن بنانے والی سوئس فارما کمپنی روش کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
فارما کمپنی کے بیان کے مطابق ایوسٹن کو کینسر کے علاج کیلئے امریکا سمیت 130سے زائد ممالک میں منظور کیا گیاتھا۔
پاکستانی حکام نے بینائی متاثر ہونےکو تھرڈ پارٹی سپلائر کی جانب سے آلودگی کا کیس قرار دیا ہے۔
Comments are closed.