پیساڈینا، کیلیفورنیا: گزشتہ روز مریخ پر تازہ ترین مشن کے ساتھ بھیجے گئے ہیلی کاپٹر ’’انجینیٹی‘‘ نے اپنی دوسری آزمائشی پرواز بھی بڑی کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
19 اپریل کے روز انجینیٹی کی پہلی تجرباتی پرواز کے مقابلے میں یہ پرواز نہ صرف زیادہ دیر تک جاری رہی بلکہ اس دوران یہ ہیلی کاپٹر زیادہ اونچائی تک پہنچا جبکہ اس نے فضا میں معمولی سا جھکتے ہوئے دائیں اور بائیں حرکت بھی کی۔
امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ کی ویب سائٹ سے جاری ہونے والی خبر کے مطابق، انجینیٹی نے ’’مریخی وقت‘‘ کے حساب سے وہاں اپنے 18 ویں دن (18 ویں سول) یہ پرواز کی، جبکہ زمین پر 22 اپریل کا دن تھا۔
یہ خبریں بھی پڑھیے:
- مریخ کی فضا سے آکسیجن بنانے کا پہلا تجربہ
- مریخ پر ’’چھوٹے ہیلی کاپٹر‘‘ کی پہلی تجرباتی پرواز کامیاب
- ناسا کا ہیلی کاپٹر، مریخ پر اُڑان بھرنے کو تیار!
انجینیٹی ہیلی کاپٹر کی دوسری پرواز 51.9 سیکنڈ تک جاری رہی جبکہ اس دوران اس نے خود کو صرف 5 ڈگری کے معمولی زاویئے پر جھکاتے ہوئے (اُڑتے دوران) دائیں بائیں معمولی حرکت بھی کی اور اپنی اصل جگہ پر واپس آگیا۔
اپنی دوسری پرواز میں یہ ’’ننھا مریخی ہیلی کاپٹر‘‘ 16 فٹ کی بلندی تک پہنچا اور ایک جانب 7 فٹ ہٹنے کے بعد واپس اپنے پہلے مقام پر آگیا جبکہ پرواز مکمل ہونے پر وہ ٹھیک اسی جگہ دوبارہ اُترا کہ جہاں سے اس نے پرواز کی تھی۔
Comments are closed.