جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

مردم شماری پر تحفظات سے حکومت کو آگاہ کیا: فیصل سبزواری

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبز واری کہتے ہیں کہ کراچی میں مردم شماری کے نتائج پر تحفظات ہیں، جس سے حکومت کو آگاہ کیا ہے۔

سینیٹ انتخابات کے لیئے وفاقی حکومت نے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمتِ عملی طے کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے سلسلے میں پاکستان تحریکِ انصاف کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز پہنچ گیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت نے اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے فارمولا طے کر لیا، فارمولے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اسد عمر ایم کیو ایم سے مشاورت کرنے پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی کے وفد میں عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، فردوس شمیم نقوی شامل ہیں جن کا بہادر آباد مرکز پر ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے استقبال کیا۔

بہادر آباد مرکز پر پی ٹی آئی کے وفد کا استقبال کرنے والوں میں ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری، امین الحق اور دیگر رہنما شامل تھے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبز واری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کام نہیں ہو پاتے ان کے لیے وفاقی حکومت سے کہتے ہیں، حلیف جماعتوں کے سینیٹ انتخابات پر ووٹ پر گفتگو ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہری سندھ سے متعلق دیرینہ مسائل پر بھی بات ہوئی، کراچی میں مردم شماری کے نتائج پر تحفظات ہیں، جس سے حکومت کو آگاہ کیا ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، وفاقی حکومت نے بتایا تھا کہ مردم شماری کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں بھیجنا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ کراچی کے منصوبے کے حوالے سے مثبت انداز میں گفتگو ہوئی ہے، ہمارا وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ شہر کو ماس ٹرانزٹ سمیت دیگر منصوبے دیئے جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا وفاق سے مطالبہ ہے کہ آئندہ بجٹ میں دوبارہ مردم شماری کے لیے بھی رقم رکھی جائے، صوبائی حکومت شہری سندھ کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.