امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ سے آسٹن میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور ریاست ٹیکساس کے درمیان مربوط اقتصادی تعلقات اور باہمی سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر ٹیکساس نے پاکستانی سفیر کا پرجوش خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے استحکام کیلئے ممتاز پاکستانی امریکی رہنما جاوید انور کی گراں قدر کاوشوں کو گورنر ٹیکساس نے شاندار الفاظ میں سراہا جبکہ دو شہروں کے کارپوریٹ لیڈرز کے درمیان باہمی رابطوں میں کلیدی کردار ادا کرنے پر مسعود خان نے ہیوسٹن کراچی سسٹرز سٹی ایسوسی ایشن کو خراج تحسین پیش کیا۔
ریاست ٹیکساس کے چار روزہ دورے پر آئے ہوئے پاکستانی سفیر نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے گورنر ٹیکساس کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
مسعود خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹیکساس میں رہنے والے ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی امریکن دونوں ملکوں کیلئے ایک پل کی مانند اور گراں قدر اثاثہ ہیں۔
ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان اور ریاست ٹیکساس کے درمیان مربوط اقتصادی تعلقات اور باہمی سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم شعبوں بشمول زراعت، پیٹرولیم، لائیواسٹاک، گرین انرجی، ماحولیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں گورنر ٹیکساس کی زیر قیادت ریاست ٹیکساس کی قابل ستائش ترقی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان صحت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں ٹیکساس کی جانب سے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرنے کو تیار ہے۔
ملاقات کے دوران گورنر گریگ ایبٹ نے پاک امریکہ تعلقات کے استحکام کیلئے ممتاز پاکستانی امریکی رہنما جاوید انور کی گراں قدر کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ دوران ملاقات دونوں مقتدر شخصیات کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ریاست کے سیکریٹری جان بی اسکاٹ، پاکستانی قونصل جنرل متعین ہیوسٹن ابرار ہاشمی اور ہیوسٹن کراچی سسٹرز سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ بھی موجود تھے۔
Comments are closed.