وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مخالفین کے پروپیگنڈے کے باوجود عوام کی خدمات کا مشن جاری رکھیں گے۔
لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخالف پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں، ہم عوام کو ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
انہوں نے کہا مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کےلیے انقلابی اقدامات کیے، 100 ارب روپے سے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا ہے۔
پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ احساس راشن پروگرام سے 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی 40 فیصد سستا مل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام ہمارے لیڈر عمران خان کا وژن ہے، سیلاب متاثرہ 3 اضلاع کے لوگ بھی اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ معاشرتی اور معاشی تحفظ سے محروم افراد فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہیں، احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی صحت کارڈ ہماری حکومت کے فلیگ شپ پروگرامز میں سے ایک ہے، جس سے تقریباً 50 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا چکی ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ قومی صحت کارڈ سے اب تک 22 لاکھ مریضوں کا مفت علاج ہوچکا ہے، اس کارڈ سے کینسر کے مریضوں کو بھی علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی صحت کارڈ سے کینسر کے 54 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے، گردے کے 4 لاکھ 83 ہزار سے زائد مریض مفت علاج کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔
Comments are closed.