کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں گزشتہ روز پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والے 3 بچوں کے والد محمد عمران کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ بیوی نے بچوں کو مار کر انتقام لیا۔
گلستانِ جوہر میں مبینہ طور پر کیڑے مار دوا سے جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کے والد محمد عمران بچوں کی میت کی حوالگی کا اجازت نامہ لینے تھانہ شارع فیصل پہنچ گئے۔
جاں بحق بچوں کے والد محمد عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بھائی نے بتایا کہ بچے فوڈ پوائزننگ سے انتقال کر گئے، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ تینوں ہی فوڈ پوائزننگ سے مر گئے۔
انہوں نے کہا کہ کل جب گیا تو بیوی کا رویہ بالکل نارمل تھا، میں خود لاہور میں کام کرتا تھا، بچے کراچی میں تھے، بیوی اور بچے اپنی خالہ اور خالو کے پاس رہ رہے تھے۔
متوفی بچوں کے والد نے کہا کہ میں ہر ماہ لاہور سے بچوں کو 15 ہزار روپے خرچہ بھیجتا تھا، اردہ تھا کہ پیسے جمع کر کے بچوں اور بیوی کو واپس لے آؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی میت لاہور لے کر جاؤں گا، بچوں کی تدفین اور نمازِ جنازہ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، مقدمہ درج نہیں کراؤں گا، میں کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتا۔
مبینہ زہر خورانی سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد نے یہ بھی کہا کہ مجھے سب معلوم ہے، پھر بھی اللّٰہ پر چھوڑتا ہوں، پوسٹ مارٹم کرا کر بچوں کو کوئی تکلیف نہیں دینا چاہتا۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، لواحقین نے چاہا تو واقعے کا مقدمہ درج کریں گے۔
Comments are closed.