متحدہ عرب امارات نے عرب دنیا کا پہلا مشن چاند پر روانہ کر دیا ہے، راشد روور کو چاند پر بھیجنے کے لیے فلوریڈا سے اسپیس ایکس راکٹ نے آج اڑان بھری۔
یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے دبئی میں قائم اسپیس سینٹر کے کنٹرول روم سے راشد روور کی پرواز کا جائزہ لیا۔
شیخ حمدان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ چاند پر پہنچنا اس قوم کےلیے ایک اور سنگ میل ہے جس کے عزائم کی کوئی حد نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ راشد روور یو اے ای کے عظیم اسپیس پروگرام کا حصہ ہے جو مریخ سے شروع ہو کر چاند پر قدم رکھ رہا ہے اور سیارہ زہرہ تک جائے گا۔
اماراتی روور کو خلا میں لے جانے کے لیے راکٹ نے صبح 11 بج کر 38 منٹ پر اڑان بھری، جسے امریکی خلائی فورس کے لانچ پیڈ سے روانہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ صرف امریکا، سابق سوویت یونین اور چین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے بھیجے گئے مشنز چاند پر پہنچے۔
حال ہی میں اسرائیل اور بھارت نے بھی چاند پر مشن بھیجنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگئے تھے۔
Comments are closed.