جمعہ 2؍رمضان المبارک 1444ھ24؍مارچ 2023ء

ماہل بلوچ کو نند اور نندوئی نے اکسایا: ترجمان وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ترجمان بابر یوسف زئی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں لیڈیز پارک کے قریب سے ماہل بلوچ کو گرفتار کیا تھا، جس کی نند اور نندوئی نے اسے اکسایا۔

کوئٹہ میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ترجمان بابر یوسف زئی نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہل بلوچ کی نند اور نندوئی یوسف بلوچ اس وقت ایران میں ہیں،جنہوں نے ماہل بلوچ کو اس جانب راغب کیا۔

ان کا ہے کہ گرفتار خاتون ماہل بلوچ کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے،یہ خاتون کالعدم تنظیم کی سہولت کار ہے، دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم کے لیے کام کرتی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جیکٹ میں چار کلو گرام دھماکا خیز مواد موجود تھا، ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان نے کہا کہ یہ عمل انتہائی افسوس ناک ہے، کالعدم تنظیم ہماری روایات کو روند رہی ہے، ماہل بلوچ کا شوہر بیبرک ایک تنظیم کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون ماہل بلوچ کا نندوئی یوسف بلوچ کالعدم تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر اللّٰہ نذر کا قریبی عزیز ہے۔

بابر یوسف زئی نے مزید بتایا کہ کالعدم تنظیمیں ہماری خواتین اور بچوں کو ناپاک عزائم کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان کی ماؤں، بہنوں اور بچوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خودکو استعمال نہ ہونے دیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ماہل بلوچ کا ویڈیو بیان بھی چلایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں لیڈیز پارک کے قریب سی ٹی ڈی نے ایک خاتون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے خود کش جیکٹ برآمد کی تھی۔

کوئٹہ چینی قافلے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام،…

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جیکٹ میں 4 کلو گرام دھماکا خیز مواد موجود تھا، ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، خاتون دہشت گرد ماہل بلوچ کا ہدف اہم تنصیبات اور سیکیورٹی فورسز تھیں۔

مبینہ خودکش حملہ آور خاتون کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے بتایا گیا، جس سے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش بھی کی گئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیم کی جانب سے خودکش حملہ آور خاتون کو مسنگ پرسن بنانے کا پروپیگنڈا کیا جارہا تھا جو بے نقاب ہوگیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.