بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مائیک ٹائسن نے جہاز میں ’بوتل پھینکنے والے‘ ساتھی مسافر پر مُکے برسا دیے

مائیک ٹائسن: سابق ہیوی ویٹ باکسر نے جہاز میں ’بوتل پھینکنے والے‘ ساتھی مسافر پر مُکے برسا دیے

مائیک ٹائسن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

مائیک ٹائسن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق امریکی ہیوی ویٹ باکسر نے جہاز کی اُڑان سے قبل ایک ساتھی مسافر پر اس وقت مُکے برسائے جب اس نے ان پر ’پانی کی بوتل پھینکی‘ تھی۔

جہاز میں بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مائیک ٹائسن اس مسافر کی سیٹ پر جا کر اسے کئی مُکے رسید کرتے ہیں۔ اس شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

مائیک ٹائسن کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس اشتعال دلانے والے مسافر کی وجہ سے پیش آیا جو انھیں پریشان کر رہا تھا۔

اس واقعے کے بعد پولیس کو بلایا گیا جس نے عارضی طور پر دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

ان میں سے ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئیں جس پر انھیں سان فرانسسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طبی امداد دی گئی۔

سان فرانسسکو پولیس ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس شخص نے واقعے سے متعلق بہت کم معلومات دیں اور پولیس کی تفتیش میں مزید معاونت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔‘

دونوں افراد کو ’مزید تحقیقات تک‘ رہا کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ان دونوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

مواد پر جائیں

پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

یہ واقعہ بدھ کی شب جیٹ بلو کی پرواز پر ہوا جس نے سان فرانسسکو سے فلوریڈا کی جانب اُڑان بھرنا تھی۔

ٹی ایم زی کی جانب سے شائع کردہ ویڈیو میں لڑائی کی وجہ اور پانی کی بوتل پھینکنے کے مناظر نہیں دیکھے جاسکتے۔

ٹی ایم زی کے مطابق مائیک ٹائسن نے سفر کے آغاز پر اسی مسافر کے ساتھ تصویر بنوانے کی حامی بھری تھی۔ ’لیکن یہ شخص ٹائسن کو مسلسل پریشان کر رہا تھا۔ ٹائسن نے بارہا تحمل سے رہنے کی درخواست کی تھی۔‘

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مائیک ٹائسن اس ساتھی مسافر کو مُکوں سے مار رہے ہیں۔ ایک دوسرے شخص کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے ’ہے مائیک، مائیک۔‘ بظاہر وہ انھیں روکنے کی کوشش کر رہا ہے اور ایک دوسرا شخص مائیک ٹائسن کو دور دھکیلنے کی کوشش کرتا ہے۔

پھر ان مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس مسافر کے سر سے خون نکل رہا ہے۔

سان فرانسسکو پولیس ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ وہ ’اس ویڈیو سے باخبر ہیں جو ممکنہ طور پر اس واقعے کی ہے۔‘ اس ویڈیو کو سان میٹیو کے شیرف کے دفتر میں بھی بھیجا گیا کیونکہ یہ ان کی تحقیقات کا دائرہ کار ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جون 1997 میں مائیک ٹائسن نے ہولی فیلڈ کو اپنے مکوں سے قابو کرنے کے بجائے دو مرتبہ ان کا کان ہی چبا ڈالا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

جون 1997 میں مائیک ٹائسن نے ہولی فیلڈ کو اپنے مکوں سے قابو کرنے کے بجائے دو مرتبہ ان کا کان ہی چبا ڈالا

باکسر مائیک ٹائسن ماضی میں بھی رنگ کے اندر اور باہر اپنے جارحانہ راویے کی وجہ سے نظروں میں آچکے ہیں۔

سنہ 1992 میں ان پر ریپ کا الزام ثابت ہوا اور انھوں نے تین سال جیل میں گزارے۔ 1997 میں انھیں ایک باکسنگ میچ کے دوران حریف کے کان کو چبانے پر ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔

سال 1998 کے دوران میریلینڈ میں ٹریفک کے حادثے کے بعد ان کے ساتھ ایک بدتمیزی کا واقعہ ہوا تھا۔

فروری 2021 سے لے کر اب تک امریکہ کی پروازوں میں سات ہزار سے زیادہ بدمزگی کے واقعات ہوئے ہیں۔ تاہم فیڈرل سیول ایوی ایشن کے مطابق ان میں سے 70 فیصد واقعات چہرے کے ماسک کے اصول سے متعلق ہوئے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.