اتوار 6؍رجب المرجب 1444ھ29؍جنوری 2023ء

لیگی حکومت کے دو وزراء خزانہ ایک دوسرے کو نااہل کہہ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ن لیگی حکومت کے دو وزراء خزانہ ایک دوسرے پر نااہلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔

ملتان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے انتقامی کارروائیوں کا سہارا لے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں، ملکی معیشت تباہی کے راستے پر جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر ناپید، روپے کی قدر روز بروز گر رہی ہے، مہنگائی کا ایک بہت بڑا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک میں 64 فیصد اسمبلی کی نشستیں خالی ہوچکی ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل کی صورت میں 90 دن میں انتخابات ہونے چاہئیں، ملک کو افراتفری سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا، پی ٹی آئی قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کر رہی ہے، حکمران اور الیکشن کمیشن ماورائے آئین اقدامات کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری آبادی کی ایک بہت بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان آئندہ انتخابات میں ایک بار پھر عمران خان کا ساتھ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکمران معیشت کی خرابی کا ذمہ تحریک انصاف پر ڈال رہے ہیں، کرپٹ اور لٹیروں کو احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.