رپورٹ: اعجاز احمد
موٹروے پولیس نے لکی مروت کے مدرسے سے بھاگے ہوئے 3 طلباء کو ورثاء کے حوالے کردیا۔ جنہوں نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ساؤتھ زون کے ترجمان کے مطابق سیکٹر جام شورو، نوری آباد میں پٹرولنگ پر مامور انسپکٹر شجاع عباس اور انسپکٹر اسرار احمد کو دوران گشت 10 سے 12 سال کے 3 بچے رحمٰن اللّٰہ اور رضوان اللہ ولد اکبر علی خان اور قسمت اللّٰہ ولد شیر نواز پریشان حالت میں ملے۔ جنہیں پولیس نے دفتر لے جا کر کھانا کھلایا۔
دفتر میں ڈی ایس پی اشرف عباس اور ایڈمن آفیسر ممتازعلی نے معلومات کیں توبچوں نے بتایا کہ وہ لکی مروت، خیبر پختونخواہ کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم تھے اور وہاں سے بھاگ کر آئے ہیں۔
جس پر موٹر وے پولیس نے بچوں کے گھر والوں سے رابطہ کرکے صورت حال بتائی۔
بعد ازاں کراچی سے ان بچوں کے قریبی عزیز نوری آباد پہنچے اور قانونی کارروائی کے بعد بچوں کو ان کے حوالے کردیا گیا۔ ورثا نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
دریں اثناء سیکٹر کمانڈر جام شورو سید فرحان احمد نے مذکورہ افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔
Comments are closed.