متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ لندن کی جائیدادیں شہیدوں کی ملکیت ہیں۔
لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی نے ردعمل دیا اور کہا کہ لندن کی جائیدادیں ایک ٹرسٹ کے ذریعے شہیدوں اور کارکنوں کی فلاح کےلیے استعمال کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ان جائیدادوں کے ذریعے لاپتا اور اسیر کارکنوں کی قانونی مدد دیں گے، شہدا اور دیگر کارکنوں کے بچوں کےلیے تعلیم، صحت اور روزگار کا بندوبست کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ عمران فاروق کی بیوہ کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں، انہیں اُن کا حق دیا جائے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا کیس لڑنے والے بیرسٹر نذر محمد نے کہا کہ برطانوی عدالت کا فیصلہ حقائق پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس اپیل کے لیے کوئی قانونی نقطہ موجود نہیں ہے۔
دوسری طرف بانی ایم کیو ایم نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بانی متحدہ ہائیکورٹ لندن میں تقریباً 1 کروڑ پاؤنڈ کی پراپرٹیز کا کیس ہار گئے ہیں، جس کی کل مالیت پاکستانی روپے میں 3 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
Comments are closed.