لاہور میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر میں 6 روز کے دوران مجموعی طور پر 918 مقدمات درج کیئے جا چکے ہیں۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 73 مقدمات درج کیئے گئے۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ ماسک پہننے کی خلاف ورزی پر 442 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 476 مقدمات درج کیئے گئے۔
واضح رہے کہ تیسری لہر کے دوران پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں اب تک 2 لاکھ 25 ہزار 953 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 6 ہزار 485 ہو گئیں۔
ادھر پاکستان کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 234 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 83 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 1 ہزار 931 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح بڑھ کر 10 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 613 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 170 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار 544 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 56 ہزار 347 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 384 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 7 ہزار 205 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.