ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ روکنے کے دلائل سے لاہور کی عدالت عالیہ مرعوب نہ ہوسکی۔
لاہور ہائی کورٹ نے ہاکی اسٹیڈیم میں پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے دائر درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس مزمل اختر شبیر نے عطا تارڑ سمیت دیگر کی درخواستوں پر 18 صفحات کا فیصلہ جاری کیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پنجاب حکومت کا درخواستیں ناقابل سماعت ہونے کا موقف درست نہیں تھا، دراصل عدالت جلسہ روکنے کے دلائل سے مرعوب نہیں ہوئی۔
عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالت آئینی دائرہ اختیار میں ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کے معاملے کی تحقیقات نہیں کرسکتی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ 12 اگست کو درخواستیں دائر کی گئیں اور دوپہر 3 بجےکیسز اس عدالت کو ملے، پی ٹی آئی کا جلسہ 13 اگست کو ہونا تھا اور نوٹس جاری کرنے کا وقت نہیں تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے فیصلے میں مزید کہا کہ عدالت نے یہ فیصلہ دستیاب دستاویزات کی روشنی میں کیا ہے، کوئی فریق ہماری آبزرویشن سے متاثر ہو تو کیس کی دوبارہ سماعت کی استدعا کر سکتا ہے۔
عدالت عالیہ نے یہ بھی کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور اسپورٹس بورڈ کے اجازت ناموں کو فیصلے کا حصہ بنایا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر نے جلسہ انتظامیہ کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اجازت نامہ کے تحت پی ٹی آئی جلسے کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی، اسپورٹس بورڈ کے آرڈر کے مطابق ہاکی اسٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف احتیاطاً اکھاڑی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی کو نئی آسٹرو ٹرف کی خریداری کاذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا، پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے نکات تفصیلی تحقیقات کے متقاضی ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ایک درخواست گزار پہلے ہی کمشنر سے رجوع کرچکا، کمشنر میرٹ پر درخواست کا فیصلہ کریں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اختیار متعلقہ حکام کے پاس موجود ہے، جلسے کی اجازت ملنے کے بعد اس کو روکنا انصاف کے تقاضوں کےخلاف ہوگا۔
لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عوام کی سیکیورٹی پر درخواست گزار داد رسی کے لئے متعلقہ حکام سے رجوع کرسکتے ہیں۔
فیصلے میں یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت یقینی بنائے کہ اجتماع میں کوئی بھی ہاکی اسٹیڈیم کو نقصان نہ پہنچائے، پی ٹی آئی ہاکی اسٹیڈیم میں کسی بھی نقصان کے ازالے کی ضمانت دے۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، پنجاب حکومت آسٹرو ٹرف کی تبدیلی یا بحالی جلد یقینی بنائے، آسٹرو ٹرف کی بحالی یا تبدیلی کے لئے خصوصی انتظامات اور بجٹ مختص کیا جائے۔
Comments are closed.