صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، لاہور میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں آہستہ آہستہ کمی آ رہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیوپاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی کئے جا رہے ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ لاک ڈاؤن کرتے ہیں تو معیشت کا پہیہ رکتا ہے، لاہور میں کیے گئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو روز بعد اجلاس ہے جس میں اسکولوں سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
ڈاکٹریاسمین راشد کاکہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا کی وباء کے باعث اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید4 ہزار 323 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 43 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 2 ہزار 902 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 9.96 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار821 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 92 ہزار 231 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 43 ہزار362 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 4 لاکھ 46 ہزار697 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 61 ہزار 450 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 587 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 15 ہزار 960 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.