لاہور کے علاقے مناواں میں مزدور لوہے کی بھٹی میں گرکر جاں بحق ہو گیا اور ساتھی مزدور بے بسی کی تصویر بنے یہ منظر دیکھتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 28 جولائی کا ہے، تحقیقات کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت کے ذمے داروں کا تعین کرکے کارروائی کا حکم دے دیا۔
لاہور کے علاقے مناواں میں 25 سالہ ظہیر عباس نامی مزدور کے لوہے کی بھٹی میں گرنےکی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔
ظہیر عباس سرگودھا کا رہائشی تھا اور محنت مزدوری کے سلسلے میں لاہور آیا ہوا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ظہیر عباس ہتھ ریڑھی میں خام لوہا بھر کر بھٹی میں پھینکتا ہے، اسی دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھتا اور بھٹی میں گر جاتا ہے۔
ویڈیو میں بھٹی کے ساتھ کوئی حفاظتی بند نظر نہیں آ رہا، ظہیر عباس کے ساتھی یہ منظر دیکھ کر شور مچاتے ہیں، مگر آگ کے شعلے بلند ہونے کی وجہ سے وہ اسے بچانے کیلئے کچھ بھی نہیں کر پاتے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق مزدور کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ غفلت کےذمے داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔
Comments are closed.