پیر 6؍شعبان المعظم 1444ھ27؍فروری 2023ء

لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری اس میچ میں ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔  

قلندرز کا آغاز اچھا رہا، لیکن اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے تجربہ کار بولنگ لائن نے رنز کی اسپیڈ کو بریک لگائی۔ 

فخر زمان 36 اور مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق نے سیم بلنگز کے ہمراہ 71 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو اچھی پوزیشن میں لاکھڑا کیا۔

عبداللّٰہ شفیق 24 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ سیم بلنگز 33 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 

ایسے میں جب قلندرز کی رنز بنانے کی رفتار دھیمی پڑنے لگی تو ایسے میں ڈیوڈ ویزے نے 12، راشد خان نے 18 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے دو وکٹیں لیں۔ ابرار احمد اور حسن علی نے ایک ایک آؤٹ کیا۔ 

واضح رہے کہ یہ ایونٹ میں لاہور قلندرز کا مسلسل دوسری مرتبہ 200 یا اس سے زائد کا اسکور ہے۔ 

ایک روز قبل لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف 241 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا تھا جس کے جواب میں زلمی کی ٹیم 201 رنز بناسکی اور لاہور نے یہ میچ 40 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشمل ہے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، کولن منرو، رحمان اللّٰہ گرباز، ریسی ونڈر ڈسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی، ذیشان ضمیر اور ابرار احمد شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.