پیر 6؍شعبان المعظم 1444ھ27؍فروری 2023ء

لاہور قلندرز نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا، کوچ اسلام آباد یونائیٹڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا، انہوں نے پہلے بیٹنگ اچھی کی، پھر بولنگ شاندار کی۔

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ اس میچ کے بعد ہمیں آگے بڑھنا ہے، اس میچ سے ہمیں ضرور مایوسی ہوئی ہے۔ 

کوچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، لاہور قلندرز کا بولنگ اٹیک ورلڈ کلاس ہے، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے ساتھ ڈیوڈ ویزے نے بھی عمدہ بولنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا تھا لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گریں۔ 

انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف اب بھی پاکستان کے بہترین آل راؤنڈر ہیں، وکٹ میں کوئی مسئلہ نہیں تھا ہمیں اپنی شاٹس کی طرف دیکھنا ہوگا۔

کپتان شاداب خاب کے آؤٹ پر بات کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ شاداب خان کے ردِعمل سے لگا کہ گیند نے بلے کو نہیں چھوا لیکن امپائر کا فیصلہ ہے، ہمیں اس کو تسلیم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان اور آصف علی امپیکٹ پلیئرز ہیں، یہ پلیئر ہر میچ نہیں جتوایا کرتے، دنیا بھر کے امپیکٹ پلیئر 10 میں سے تین، چار میچز ہی جتواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میچ کو بھلا کر پنڈی میں اپنے ہوم میچز پر توجہ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے میچ کے لیے ایلیکس ہیلز آ جائیں گے اور پھر ہم اپنا کمبی نیشن دیکھیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.