جناح اسپتال لاہور کے کڈنی ٹرانسپلانٹ یونٹ میں پہلے مریض کے گردے کی کامیاب پیوندکاری کردی گئی، رحیم یارخان کی شہناز نے اپنے شوہر عصمت اللّٰہ کو اپنا گردہ عطیہ کیا۔
لاہور کے جناح اسپتال میں پہلے مریض کے گردے کی کامیاب پیوند کاری کی گئی۔
ترجمان ٹرانسپلانٹ ڈاکٹر شبیر چوہدری نے بتایا کہ 30 سالہ موٹر مکینک عصمت اللّٰہ کے گردے 1 سال پہلے ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے، بیوی شہناز نے اسے گردہ عطیہ کیا۔
انچارج کڈنی ٹرانسپلانٹ یونٹ پروفیسر ڈاکٹر نوید اقبال کی سربراہی میں گردے کی پیوند کاری کی گئی، دونوں میاں بیوی کو طبیعت بہتر ہونے پر 4 دن بعد وارڈ منتقل کر دیا گیا۔
عصمت اللّٰہ کا کہنا ہے کہ جہاں بھی گیا، ٹرانسپلانٹ کے پیسے مانگے گئے، جناح اسپتال میں مفت آپریشن ہوا ہے۔
شہناز کا کہنا تھا کہ شوہر کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی تھی،اس لیے گردہ عطیہ کیا۔
کڈنی ٹرانسپلانٹ یونٹ کےمنتظمین کا کہنا ہے کہ گردوں کی پیوندکاری کا سلسلہ اب چلتا رہے گا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہےکہ کسی عام سرکاری اسپتال میں گردے کی پیوند کاری ایک مثبت قدم ہے، اس سے پہلے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں ہی گردوں کی پیوند کاری کی جاتی تھی۔
Comments are closed.