پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں ممکنہ خطرات سے متعلق وزارت داخلہ نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ بھیج دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق عمران خان کے ساتھ عوام کو بھی خطرہ ہے، عمران خان پر وزیرآباد میں حملہ ہوچکا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیرآباد حملے میں ایک شخص کی جان بھی جاچکی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر بم دھماکے، آئی ای ڈی حملے سے انکار نہیں کیا جاسکتا، سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں۔
وزارت داخلہ نے مراسلے کی کاپی وزیراعظم آفس کو بھی بھجوائی ہے۔
وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو بھی مراسلہ بھیجا ہے، جس میں کہا گیا کہ عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہوسکتا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ انتہا پسند جماعتیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر دہشتگردی کا حملہ کرسکتی ہیں۔
Comments are closed.