اسپینش فٹبال لیگ میں بارسلونا نے ویاریال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا، جبکہ گٹافے اور ریال مایورکا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
لالیگا میں بارسلونا اور ویاریال کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، پہلے ہاف میں تو کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، لیکن دوسرے ہاف میں بارسلونا نے 48ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی۔
دوسرے ہاف کے 18 منٹ گزرے تھے کہ ویاریال نے میچ برابر کر دیا تاہم 88ویں منٹ میں بارسلونا نے پھر برتری حاصل کر لی۔
بعدازاں انجری ٹائم میں بارسلونا کو پنالٹی کِک ایوارڈ ہوئی جس پر گول بنا کر بارسلونا نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔
اس سے پہلے گٹافے اور ریال مایورکا کے درمیان بھی دلچسپ میچ ہوا، سارے کھیل میں کوئی ٹیم گول نہ بنا سکی اور یہ مقابلہ برابری پر ختم ہوگیا۔
لالیگا میں آج ریال بیٹیز کا مقابلہ لیوانٹے سے شام 6 بجے ہوگا، اسپانیوئل اور ریال سوسیڈاڈ کا مقابلہ رات سوا آٹھ بجے جبکہ کیڈیز اور اٹیلیٹکو میڈرڈ کا میچ رات ساڑھے 10 بجے کھیلا جائے گا۔
رات گئے ایک بجے ریال میڈرڈ کا مقابلہ سیویا سے ہوگا یہ تمام مقابلے بھی جیوسوپر براہ راست نشر کرے گا۔
Comments are closed.