مسلم لیگ ق کے قائدین، چوہدری برادران چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی نے اپوزیشن سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ مانگ لی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور میں مسلم لیگ ق کے قائدین، چوہدری برادران چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کا پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطہ ہوا ہے جس کے دوران چوہدری برادران کی طرف سے آصف علی زرداری کو چارٹر آف ڈیمانڈ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ق لیگ کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ سے کم پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ق کی قیادت نے اپوزیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم پنجاب اور مرکز میں اِن ہاؤس تبدیلی کی یقینی کامیابی کی ضمانت دیتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ق مرکز میں مکمل طور پر اپوزیشن کی حمایت کرے گی، البتہ اس نے فوری نئے انتخابات کی مخالفت کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کا مؤقف ہے کہ ضروری ہو تو قومی اسمبلی کے انتخابات کروا دئیے جائیں۔
مسلم لیگ ق نے شرط رکھی ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہونی چاہیے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آصف علی زرداری نے ق لیگ کی شرائط سے ن لیگ کو آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے قائدین نے اہم رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔
Comments are closed.