جمعہ4؍رجب المرجب 1444ھ27؍جنوری 2023ء

قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے قوم پر فیصلہ کن وقت ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے قوم پر فیصلہ کن وقت ہے، ان 9 ماہ میں بہت سے لوگ بے نقاب ہوئے۔

کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ کن لوگوں نے کروایا، میں نے ان کے نام لکھے ہوئے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کا پتا چلے۔

عمران خان نے کہا کہ ان کا پلان ہے کہ کسی طرح سے مجھے راستے سے ہٹایا جائے، ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح تحریک انصاف کو ہرایا جائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ قوم کے اندر آواز اٹھنے والی ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو کونے سے لگایا جا رہا ہے، اس سے ملک مزید دلدل میں جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ راجہ ریاض کے اپوزیشن لیڈر بننے سے پارلیمینٹ کی کیا حیثیت رہ گئی ہے؟ نگراں حکومت کا مطلب نیوٹرل امپائر ہوتا ہے لیکن پنجاب اور خیبر  پختونخوا میں ہمارے بدترین مخالفین کو بٹھا دیا گیا ہے جنہوں نے آتے ہی ہمارے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اب ان کا پلان سی بنا ہوا ہے آصف زرداری اس کے پیچھے ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو پتا چل گیا کہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار کتنا بڑا جینئس تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.