بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

قوم شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنےوالے بینکوں کا بائیکاٹ کرے ، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی معیشت اور سودخوروں کے ہوتے ہوئے ترقی و خوشحالی ممکن نہیں، حکمرانوں نے اللہ اور اس کے رسول سے جنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تو ہم بھی ظالموں سے جنگ کریں گے۔

منصورہ میں سودی معیشت کے خلاف علماءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ اسٹیٹ بنک اور دیگر پانچ کمرشل بنکوں کا وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا آئین پاکستان سے بغاوت ، قوم ان بنکوں کا مکمل بائیکاٹ کرے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  حکمرانوں نے استعمار اور آئی ایم ایف کی وفاداری میں تمام حدیں عبور کردیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید پچاس روپے مرحلہ وار اضافہ کے حکومتی فیصلہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ظلم پر خاموش نہیں رہے گی۔ عوام کے حقوق کے لیے شدید گرمی میں رحیم یار خان سے راولپنڈی تک لانگ مارچ کیا ،آنے والے دنوں میں احتجاج میں مزید تیزی لائیں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  اس وقت تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں ، صرف جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔ حکمران اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکتے ہیں، قوم ان جاگیرداروں، وڈیروں، ظالم سرمایہ داروں اور سود خوروں سے حساب لے گی۔ علما ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ  جماعت اسلامی کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے جدوجہد کررہی ہے، اللہ کے دین کو تخت پر لائیں گے، جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں نے وسائل سے مالامال ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ مہنگائی، کرپشن، سودی معیشت، بدامنی اور بے روزگاری کی وجہ پاکستان جل رہا ہے مگر تینوں بڑی جماعتیں مفادات کی جنگ میں الجھی ہوئی ہیں۔

You might also like

Comments are closed.