گزشتہ روز بھارت کو ہرانے کے بعد جہاں پاکستانیوں کے چہرے جگمگا اُٹھے وہیں سیاستدانوں نے بڑھ چڑھ کر ٹیم کی تعریفیں اور قوم کو مبارکباد دی۔
گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو 5 وکٹوں سے ہرا کر دھول چٹا دی اور اپنی پرانی ہار کا بدلہ چکتا کر دیا۔
ایسے میں پوری قوم نے سوشل میڈیا پر ناصرف کھلاڑیوں کی تعریف کی بلکہ اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس جیت کے جشن میں ہر شوبز ستارے اور سیاستدانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
پاکستان کی جیت پر سابق وزیراعظم، عمران خان کا کہنا تھا کہ دباؤ میں اپنے اعصاب پر قابو رکھنے اور کڑے مقابلے کے بعد جیت اپنے نام کرنے پر ٹیم پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، مشکل وقت میں قوم کی ہمت بندھانے، حوصلہ بڑھانے کے لیے ہمیں ایسی جیت کی اشد ضرورت تھی۔
دوسری جانب مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’خوفناک آفت کے دوران ہمارے چہروں پر خوشیاں اور مسکراہٹیں لانے کے لیےٹیم پاکستان کا شکریہ اور شاباش، پاکستان زندہ باد۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے لکھا کہ گرین مشین کو شاندار فتح پر مبارکباد! ٹیم پاکستان زندہ باد۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کو مبارک ہو! بہت اچھا کھیلا، آپ نے ہم سب کو خوش کیا، اس جذبے کو جاری رکھیں!
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’شاندار جیت تمام پاکستانیوں کو مبارک ہو‘۔
مسلم لیگ ن کے خواجہ محمد آصف نے جیت پر خوش ہوتے ہوئے لکھا کہ بہت اچھا کھیل پیش کیا، پاکستان زندہ باد۔
دوسری جانب پی پی رہنما سینیٹر، وفاقی وزیر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ آج کی شاندار جیت پر پاکستان ٹیم کو مبارک ہو۔
پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کراچی میں پاک بمقابلہ بھارت میچ کی اسکریننگ، ہماری ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بہت بڑا ہجوم موجود تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ 2022ء کے سُپر فور مرحلے کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ایونٹ کے ابتدائی مرحلے کی ہار کا بدلہ لے لیا ہے۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 182 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر پورا کیا۔
Comments are closed.