انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے سیناریو بیسڈ میچ کھیلا۔
اس میچ میں قومی بولرز کا قومی بیٹرز پر پلہ بھاری رہا۔ نہ ٹاپ آرڈر کو ٹارگٹ تک پہنچنے دیا، اور نہ ہی مڈل آرڈر کو ہدف پورا کرنے کا موقع ملا۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ میں قومی کرکٹرز نے سیشن کا آغاز روایتی ڈرلز کے ساتھ کیا جس کے بعد کھلاڑیوں کو اہداف دیے گئے۔
دونوں سیشنز میں بولرز، بیٹرز پر چھائے رہے، پہلے حصے میں ٹاپ آرڈر کو 15 اوورز میں 150 رنز کا ہدف ملا۔
کپتان بابراعظم اور محمد رضوان سمیت دیگر کھلاڑی ناکام رہے تاہم محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کی۔
شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم، حسن علی، شاداب خان اور حارث رؤف نے 15 اوورز میں صرف 106 رنز دیے۔
دوسرے سیشن میں مڈل آرڈر بیٹرز کو 12 اوورز میں 102 رنز بنانے تھے، بولرز عثمان قادر، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی نے 12 اوورز میں 100 رنز دیے۔
عماد وسیم 38 اور محمد حفیظ 30 رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہے۔
قومی کھلاڑی بدھ کو آرام کریں گے جبکہ جمعرات کو دوسرا سینیاریو میچ کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوگی۔
Comments are closed.