اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دونوں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر انتخابات کی تیاری شروع کردیں۔
نجی ٹی وی کوذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے پیر کو اہم اجلاس طلب کرلیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی 64جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ پنجاب اسمبلی کی 297، خیبر پختونخوا کی 115جنرل نشستوں پر انتخابات کرائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 64نشستوں پر ضمنی انتخابات مارچ میں کرانے کی تیاری شروع کردی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی 64نشستوں میں ضمنی انتخابات پر 5ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 18ارب روپے فراہم کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات اپریل میں کرائے گا جبکہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کے انتخابات پر 15ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات عام انتخابات سے قبل کرانے پر اخراجات میں 20ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 33نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جلد جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن 60روز کے اندر قومی اسمبلی کی 33نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے تیار ہے، الیکشن کمیشن کے فنانس ونگ نے 33نشستوں پر اخراجات تیار کر لئے ہیں۔
Comments are closed.