ہفتہ 28؍جمادی الثانی 1444ھ21؍جنوری 2023ء

عمران خان کا شوکت خانم فنڈز سے ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف

Imran Khan

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس میں جرح کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز سے ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور زمان پارک سے عدالت میں پیش ہوئے۔کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے کی۔

خواجہ آصف کے وکیل حیدر رسول مرزا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل نعمان فاروقی بھی عدالت میں موجود رہے۔ زمان پارک میں خواجہ آصف کے ایک اور وکیل علی شاہ گیلانی بھی موجود رہے جب کہ عمران خان کے دیگر وکلا بھی زمان پارک میں ان کے ہمراہ موجود رہے۔

خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر حیدر رسول نے عدالت میں رہتے ہوئے عمران خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی اور عمران خان سے شوکت خانم کی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کیے۔ عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شوکت خانم کے بورڈ کی جانب سے مجھے اس حوالے سے بتایا گیا تھا، اس وقت یاد نہیں کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام کیا تھا۔وکیل نے پوچھا کہ کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا؟ عمران خان نے کہا اس وقت یاد نہیں کہ تحریری طور پر کیا تھا یا نہیں، جو 3 ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا۔

وکیل خواجہ آصف نے کہا معاملہ ختم نہیں، معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے، جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا، اس دوران عمران خان کے وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر خواجہ آصف کے وکیل نے کہا سماعت ملتوی کر دیتے ہیں آپ آئندہ سماعت پر صرف 2 گھنٹے دے دیں میں جرح مکمل کرلوں گا۔

عمران خان نے ہنستے ہوئے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ادھر ادھر کے سوال کرنے کے بجائے سچ پر آئیں تو معاملہ جلدی ختم ہو سکتا ہے۔آئندہ سماعت کی تاریخ شیڈول سے دیکھ کر آگاہ کردوں گا، کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔

You might also like

Comments are closed.