صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا ہو گا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں معاشرے میں عدم مساوات کو کم کرنے کے لیے کام کرنا ہے، دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور سیاسی و معاشی استحکام کے لیے مزید کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، اتحاد، ایمان، نظم و ضبط کے ساتھ ملک کو مضبوط اور خوش حال بنا سکتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے شاندار کامیابیاں حاصل کیں، ہم نے ریاستی ادارے قائم کیے اور اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا، قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔
Comments are closed.