فیفا ورلڈکپ 2022 کے دلچسپ میچز کا سلسلہ جاری ہے، گروپ اِی کے دو میچز میں جاپان نے اسپین اور جرمنی نے کوسٹاریکا کو شکست دے دی، گروپ اِی سے جاپان اور اسپین نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ناک آؤٹ مرحلے کیلئے ہر گروپ کے دو میچز ایک ہی وقت پر ہورہے ہیں، جاپان اور اسپین کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جاپان نے اسپین کو 1-2 سے شکست دی۔
پہلے ہاف کے 11ویں منٹ میں اسپین کے پلیئر الوارو موراتا نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی لیکن بعد میں انہیں حریف ٹیم جاپان کی جانب سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے پہلے ہاف میں جاپان نے کوئی گول نہیں کیا لیکن دوسرے ہاف میں انہوں نے 2 گول کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔
جاپان کی جانب سے رٹسو ڈوآن نے 48 ویں منٹ اور آو تناکا نے 51 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔
گروپ اِی میں جاپان نے 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور اسپین نے 4 پوائنٹس لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی، اسی طرح میچ ہارنے کے باوجود اسپین کی ٹیم نے بہتر گول اوسط سے ناک آؤٹ مرحلے کیلئےکوالیفائی کرلیا۔
گروپ ای کے دوسرے میچ میں سابق ورلڈ چیمپئن جرمنی نے کوسٹاریکا کو 2-4 سے شکست دیکر گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
گروپ اِی میں جرمنی کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، اسی طرح سابق ورلڈ چیمپئن جرمنی اور کوسٹاریکا کا ورلڈکپ میں سفر ختم ہوگیا۔
Comments are closed.