اتوار24؍ربیع الثانی 1444ھ20؍نومبر 2022ء

فیفا ورلڈکپ: افتتاحی میچ میں میزبان قطر کو شکست، ایکواڈور کامیاب

فٹبال ورلڈکپ 2022 کے افتتاحی میچ میں قطر میزبان کو جنوبی امریکی ٹیم ایکواڈور سے 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ 

میگا ایونٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے ال بیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

ساٹھ ہزار کی گنجائش والا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، میچ کے آٹھویں منٹ میں ایکواڈور کی ٹیم گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچانے میں کامیاب رہی مگر ریفری نے فاؤل کے سبب یہ گول مسترد کردیا۔

ایکواڈور کی جانب سے پہلا گول اُن کے تجربہ کار کھلاڑی اینر ویلنسیا نے 16ویں منٹ میں پنالٹی کک پر بنایا۔

31 ویں منٹ میں ایکواڈور نے دوسرا گول کردیا جب اینر ویلنسیا نے پریسیاڈو کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچادی جس کے ساتھ ہی وقفے تک اسکور 0-2 تھا۔

دوسرے ہاف میں ایکواڈور کا پلہ بھاری رہا لیکن قطر کی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا۔

اس ہاف میں اُن کو گول کرنے کے اچھے مواقع بھی ملے مگر وہ ضائع گئے۔

دوسری جانب ایکواڈور کی ٹیم اپنے اسکور میں اضافہ بھی نہ کرسکی، یوں فٹبال ورلڈکپ کا افتتاحی میچ ایکواڈور کی 0-2 کی فتح پر ختم ہوا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.