پیر18؍ربیع الثانی 1444ھ14؍نومبر2022ء

فیفاورلڈ کپ کا جنون کراچی کی گلیوں میں بھی نظر آنے لگا

فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا آغاز ہونے میں اب صرف چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں اور فٹ بال کے دیوانے ایک ماہ تک جاری رہنے والے دنیا کے اس بڑے کھیلوں کے ایونٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے بالکل تیار ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی فٹ بال شائقین بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ عالمی ٹورنامنٹ دیکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ 

ملیر کے صدیق گوٹھ میں رہنے والوں کا پسندیدہ کھیل فٹ بال ہے اور برازیل ان کی پسندیدہ فٹبال ٹیم ہے اور صرف ایک گھر نہیں بلکہ پورا محلہ ہی بہت بے صبری کے ساتھ فیفیا ورلڈ کپ کے استقبال کا منتظر ہے۔ 

فٹبال کے ان پرجوش شائقین میں سے کچھ نے اپنے گھروں کو برازیل کے جھنڈے پینٹ کرکے سجایا ہے تو کچھ نے اسٹار فٹبالر نیمار کی تصاویر چسپاں کی ہیں۔

علاقے کے نوجوان نے مل کر گلیوں کی دیواروں پر فیفا ورلڈ کپ میں حصّہ لینے والی ٹیموں کے جھنڈے اور اسٹار فٹبالرز کے چہرے پینٹ کیے ہیں۔ 

صدیق گوٹھ میں یہ ساری تیاری مقامی گل بلوچ فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں نے  کی ہے۔

ان کھلاڑیوں نے بہت محنت اور لگن سے یہ ساری تیاریاں مکمل کی ہیں، مقامی کلب کے یہ کھلاڑی صبح اپنے کام کے لیے اٹھتے ہیں اور شام کو واپس آنے کے بعد پہلے فٹبال پریکٹس کرتے ہیں اور پھر اُنہوں نے رات میں کچھ وقت نکال کر علاقے کی گلیوں کو اس طرح سجایا ہے۔

ایک مقامی فٹبالرحمید بلوچ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ’سجاوٹ ان کی روایات کا حصّہ ہے‘۔

حمید بلوچ نے مزید بتایا کہ’ہم صبح میں پڑھتے ہیں اور یہ ساری پینٹنگ ہم رات کو کرتے ہیں، ساری محنت فٹبال سے ہماری محبت کی عکاس ہے‘۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ ’یہ سب کچھ گل بلوچ فٹبال کلب نے رضاکارانہ طور پر کیا ہے‘۔

محلے کو اس طرح سجانے کی یہ روایت صدیق گوٹھ میں 2006ء سے رائج ہے اور ان کے رہائشیوں کے لیے فٹبال کے کھیل سے محبت ظاہر کرنے کا ایک طریقہ ہے۔

کراچی کے اس علاقے لوگوں کی فٹبال سے اس پرجوش محبت کا اعتراف انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال (فیفا) نے بھی کیا ہے۔

فیفا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صدیق گوٹھ کے نوجوانوں کی بہت محبت اور لگن سے پینٹ کی گئی گلیوں کی دیواروں کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔

فٹبال کی گورننگ باڈی نے ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’یہ تصاویر پاکستان کے شہر کراچی کی ہیں‘۔

ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ’دنیا بھر کے شائقین کو فیفا ورلڈ کپ کےآغاز کا بے صبری سے انتظار ہے‘۔



بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.